Sunday, December 22, 2013

کون محبوب ہے اس پردۂ زنگاری میں


کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے درمیان اگر آپ کو اردو کے مصرعے اور اشعار یاد آنے لگیں تو اس میں حیرت و استعجاب کا مقام کیسا۔ یہاں کچھ بھی مکمن۔ ہم لوگ جب مابعد الطبیعاتی شاعری پڑھتے تھے تو اس کی تعریف کچھ ان الفاظ میں کی جاتی تھی کہ میٹا فزکس یا مابعدالطبیاتی شاعری وہ ہے جس میں دو مختلف النوع خیالات کو زبردستی ایک ساتھ جوت دیا جائے۔ مثال کے لیے جان ڈن کی شاعری دیکھ لیں۔ لیکن آج کے دور میں ہر چیز اس قدر سہل ہے کہ زبردستی کی گنجائش ہی نہیں۔ زبردستی جرم ہے۔ اور اس خیال کے پیش نظر ایک شعر موزوں ہو گیا۔

آمادگی کے دور میں باہم مشاورت
آسانیاں بہت سہی تاہم مشاورت

سوشل میڈیا ابھی دس سال کا ہے لیکن اس دس سالہ بچے نے ساری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ اعدادوشمار تو یہ بتاتے ہیں کہ دنیا کی سات ارب آبادی میں سے ڈھائی ارب آبادی انٹر نٹ استعمال کر رہی ہے جبکہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے تقریبا دو ارب افراد منسلک ہیں۔ اس پر بچپن کا یہ شعر ذہن میں کیوں آئے:

 یہ دو دن میں کیا ماجرا ہو گیا کہ جنگل کا جنگل ہرا ہوگیا

بارش کی بوندوں کی طرح فی سکنڈ دو افراد اس سے منسلک ہو رہے ہیں۔ دشت امکاں ایک مشت پا کی شکل میں ہمارے سامنے ہے۔

سوشل میڈیا یعنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایک ورچوئل دنیا ہے جو ہماری حقیقی دنیا کو ہرآن متاثر کرتی ہے۔ سوشل میڈیا سے مراد انٹرنیٹ بلوگز، سماجی روابط کی ویب سائٹس، موبائل ایس ایم ایس اور دیگر سہولیتیں اور اپلیکشنز ہیں جن کے ذریعے خبریں اور معلوماتی مواد کو فورا سے پیشتر دنیا تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ آج کے دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اس کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ روایتی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی اور دیگر کاروباری کاروباری افراد معلومات کو عوام تک پہنچنے کے لیے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا سائٹس جیسے فیس بک اور ٹوئٹر، مائی اسپیس، گوگل پلس ، ڈگ اور دیگر سے جڑے ہوئے ہیں۔

اگرچہ اس ضمن میں سب سے پہلے سنہ 1995 میں ہی ہمیں کلاس میٹس ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ نظر آتی ہے جو طلبہ کے رابطے کے لیے شروع کی گئي تھی۔ اس کے ایک سال بعد بولٹس ڈاٹ کام اور پھر اس کے ایک سال بعد ایشین ایوینیو اور پھر مختلف قسم کی کوششیں اس جانب نظر آتی ہیں۔ سنہ 2004 میں اورکٹ اور فیس بک نامی ویب سائٹس سامنے آتی ہیں۔ ہندوستان اور ایشیائی ممالک میں شروع میں فیس بک زیادہ مقبول نہ ہوسکا اور اورکٹ پر زیادہ لوگ نظر آئے لیکن سنہ 2009 کے بعد ایسا جان پڑا کہ ساری دنیا فیس بک پر سمٹ آئی ہے۔ اور آج فیس بک پر ایک ارب سے زیادہ اکاؤنٹس ہیں۔ فیس بک کا چینی متبادل ویئبو پر بھی اتنے ہی اکاؤنٹس کا دعوی کیا جاتا ہے۔


انسانی ذہن کی اس اختراع کے جلووں کی خیر ہو۔ ہم یہاں سوشل میڈیا کے حوالے سے بات کر رہے۔ اس کے فوائد اگر نہ ہوتے تو اس کے اتنے دیوانے کیوں ہوتے لیکن پھر ہمیں سگریٹ کے ڈبوں پر لکھی ہوئی تنبیہ یاد آ جاتی ہے کہ صحت کے لیے مضر ہے تاہم اس کے چاہنے والوں اور اس کی مرغولوں میں قید افراد کی کمی نہیں۔

اس سے قبل کہ ہم سوشل میڈیا کے فوائد یا نقصانات پر بات کریں ہم ایک ایسی چیز کا ذکر کرنا چاہتے ہیں جو آج موبائل صارفین میں ایپس کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ ایپس ایپلیکیشنز کا مختصر روپ ہے۔

سوشل میڈیا کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے والے بازار پر اپنی پکڑ بنانے کے لیے مستقل کوشاں ہیں اور ہم بھی مطمئن ہیں کہ :

رات دن گردش میں ہے سات آسماں ہو رہے گا کچھ نہ کچھ گھبرائیں کیا

اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے سنیپ چیٹ ایپ اور ان کے بانی آئیون شپیگل کے مطابق وہ اگلے ڈاٹ كام ارب پتی ہو سکتے ہیں لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب ان کی سوچ کے مطابق لوگ سوشل میڈیا کے لیے بھی پیسے خرچ کریں گے۔

ان کا یہ ایپ ستمبر 2011 میں شروع ہوا تھا اور اندازے کے مطابق صرف برطانیہ کے 70 لاکھ لوگ سنیپ چیٹنگ کرتے ہیں۔

یہاں اس کی بات اس لیے ضروری ہےکہ سوشل میڈیا کی اس دنیا میں وسیع پیمانے پر نگرانی کے خطرات اور جاسوسی کے اداروں اور سرکاری عملوں کے ذریعہ انفرادی رازداری کو چوری کرنے کے عالمی انکشاف کے بعد اس کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اس بارے میں ایڈورڈ سنوڈن نے پہلے امریکی جاسوسی پروگرام  کے راز ظاہر کیے تھے اور پھر یوں لگا کہ رازداری کے انسانی حقوق پر وسیع پیمانے پر منظم طور سے شبخوں مارنے والوں کا چہرہ مہیب سے مہیب تر ہوتا گیا۔ اطلاعات کے مطابق صرف چین میں بیس لاکھ آنکھیں دن رات انٹرنٹ پر سرکار کی جانب سے نظر رکھتی ہیں۔ یعنی تمام تر پرائیویسی کی دعویداری اور یقین دہانی کے بعد اس کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔ ایسے میں اکبر الہ آبادی کامصرعہ کیوں نہ یاد آئے۔

ہر گام پہ چند آنکھیں نگراں ہر موڑ پہ اک لائسنس طلب

بہر حال سنیپ چیٹ کے بانی آئیون شپیگل کا کہنا ہے کہ ’عارضی میڈیا‘ کا خیال اپنے آپ میں منفرد ہے۔اس میں آپ کسی سے آن لائن بات چیت کر رہے ہیں تو اس بات کا کوئی نام و نشاں نہیں ملتا۔ گذشتہ سال کے ابتدائی مہینوں میں یہ ایپ سکولوں میں زیادہ مقبول ہوا اور اسے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے تیزی سے سیکھ لیا کیونکہ انہیں یہ محسوس ہوا کہ یہ بات چیت کے لیے سوشل نیٹ ورک کے مقابلے بہتر ذریعہ ہے اور اس میں دنیا کے لوگ زیادہ تاک جھانک نہیں کر سکتے ہیں۔

اس رجحان سے سنیپ چیٹ کے بارے میں دو عام مفروضے بنے ہیں کہ اس کا استعمال ’سیکسٹنگ‘ یا جنسی نوعیت کی پیغام رسانی کے لیے کیا جاتا ہے جس میں نوجوان ایک دوسرے کے ساتھ جنسی افعال کے دوران یا ان پر مبنی تصاویر شیئر کرتے ہیں۔ فیس بک پر ایسی تصاویر شیئر کرنا انتہائی خطرناک ہے۔

ہاں تو باتوں باتوں میں ایک نئے شگوفے کے فوائد اور نقصانات دونوں سامنے آ گئے۔
بہرحال انگریزی کا استعمال کرنے والی دنیا میں فیس بک اور ٹوئٹر میں مقابلہ جاری ہے ابھی تک بازی فیس بک کے حق میں ہے لیکن مختصر بلاگنگ اور خبروں کو تیز ترین تشہیر کے لیے عام طور پر ٹوئیٹر کا استعمال جاری ہے۔

اس کے ذریعے مشاہیر اور نابغۂ روزگار شخصیتوں کو پتہ چلتا ہے کہ ان کے کتنے فالوور ہیں۔ بھارت میں معروف اداکار امیتابھ بچن کے 70 لاکھ سے زیادہ فالور ہیں یعنی اگر وہ کچھ کہیں تو ستر لاکھ لوگ  ان کے لیے گوش بر آواز  ہیں۔ اسی طرح دنیا کی معروف ترین شخصیتوں میں لیڈی گاگا کے چار کروڑ فالوور ہیں۔

ایک طلسم ہر روز باطل ہوتا ہے تو ایک طلسم ہر روز جنم لیتا ہے۔ جادو نگری کے اس حیران کن محمل میں سوشل میڈیا نے اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے۔

اس صدی کے آغاز میں ایک بار میں انٹرنٹ کے صارفین، اس کے استعمال اور لوگوں کی پسند پر ایک رپورٹ تیار کر رہا تھا تو مجھے یہ پتہ چلا کہ انٹرنٹ کا استعمال دنیا میں زیادہ تر فحش مواد کے لیے ہو رہا ہے اور خبروں کے لیے تو اس کا استعمال ایک فی صد سے بھی کم ہے۔

سوشل میڈیا کی ایک حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس نے فحش مواد والی سائٹوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب زیادہ تر افراد اس پر اپنا وقت گذارنا پسند کرتے ہیں۔ ہرچند کہ بعض لوگوں کو یہ بات احمقانہ لگ سکتی ہے کہ ٹوئٹر پر یہ بتایا جائے کہ آپ نے دوپہر کو کیا کھایا، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ٹوئٹر نے ہماری زندگی کو ایک نیا رخ دیا ہے۔

ٹوئٹر سے پہلے ہیش ٹیگ بٹن کا استعمال ٹیلیفون میں نمبر بتانے کے لیے کیا جاتا تھا لیکن آج ہیش ٹیگ # کسی خاص موضوع پر گروپ ٹویٹ کرنے کا اہم ذریعہ بن گیا ہے۔

سیاست کی بات کریں تو آپ دیکھیں گے ہمارے وزیر اعظم جو آج تک کے سب سے کم گو سربراہ مملکت واقع ہوئے ہیں ان کا بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے۔ دوسری جانب برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے چار سال پہلے ٹوئٹر کا استعمال بند کر دیا تھا لیکن اب وہ دوسرے بڑے سیاستدانوں کی طرح دوبارہ اسے استعمال کرنے لگے ہیں۔

سیاستدانوں کے لیے ٹوئٹر بہت مددگار ثابت ہوا ہے۔ اس کے ذریعے وہ براہ راست عام لوگوں سے بات کر سکتے ہیں اور کہیں سے بھی بڑے پالیسی ساز اعلانات کی اطلاع دے سکتے ہیں۔
آج سیاسی زندگی کے لیے سوشل میڈیا اتنا ضروری ہو گیا ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات سے پہلے براک اوباما نے ٹویٹس کا تجزیہ کرنے کے لیے ماہرین کی ٹیم بلائی تھی۔ اور جب انہوں نے رپبلکن امیدوار مٹ رومنی کو شکست دی تو اس موقع پر اپنی اہلیہ سے معانقے کا ٹویٹ اتنا مقبول ہوا کہ اس نے سب سے زیادہ ٹویٹ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ آج کے دور میں بڑی خبریں اب اکثر سماجی رابطے کے پلیٹ فارم سے ہی سامنے آ رہی ہے۔ چاہے وہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کو ڈھونڈ نکالنے والے چھاپے کی خبر ہو یا پھر نیویارک میں دریائے ہڈسن پر جہاز کے اترنے کی خبر، ہم تک سب سے پہلے یہ اسی ذریعے پہنچے ہیں۔

بہر حال اس کے اپنے خطرات بھی ہیں۔ افواہ کا بازار یہاں عام طور پر گرم رہتا ہے۔ حال ہی میں معروف گلوکار منا ڈے کے انتقال کی جھوٹی خبر کسی طرح چل پڑی حالانکہ وہ ہسپتال میں مستحکم حالت میں تھے۔ شام تک ایک معتبر میڈیا پرسن کی اس بات پر سرزنش جاری رہی۔ بہر حال اس کے تین ماہ بعد منّا ڈے کا انتقال ہو گیا۔ اسی طرح اداکار جیف گولڈبلم کی موت کی افواہ اس قدر پھیلی کہ ان کو امریکی ٹی وی پر آ کر بتانا پڑا کہ وہ زندہ ہیں۔
انہوں نے بڑے ہی مزاحیہ انداز میں کہا تھا، ’جیف گولڈبلم کو سب سے زیادہ میں یاد کروں گا۔ وہ میرے دوست ہی نہیں تھے، بلکہ وہ میں ہی تو تھا۔‘

عرب سپرنگ کسے نہیں یاد۔ سوشل میڈیا ہی وہ حربہ تھا جس نے عرب ممالک میں احتجاج کو ایک نیا رخ دیا جہاں اس سے قبل عوام کی آواز دنیا تک پہنچانا آسان نہیں تھا۔

عرب سپرنگ کے دوران اس مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کا کردار سب کے سامنے ہے اور جہاں اس نے احتجاج میں شریک افراد کا پیغام دنیا تک پہنچایا وہیں یہ لوگوں کو ایک جگہ جمع کرنے کا ذریعہ بھی بنا۔

مصر میں صدر حسنی مبارک کے خلاف انقلاب اور پھر صدر مرسی کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین ٹوئٹر کے ذریعے ہی مظاہروں کی منصوبہ بندی کرتے دکھائی دیے۔

دہلی میں 2012 کےگینگ ریپ واقعے کے بعد عوامی احتجاج کا روح رواں یہ سوشل میڈیا ہی تو تھا جس نے حکومت کو مجبور کر دیا کہ جسنی زیادتی پر زیادہ سخت قانون لائے۔
اسی طرح لندن میں رہنےوالي مصنفہ لورا بیٹس جو سنہ  2012 سے ایوري ڈے سیكس ازم نامی منصوبہ ٹوئٹر پر ہی چلا رہی ہیں اور ان کی اس مہم کا مقصد روز مرہ زندگی میں جنسی امتیاز کے طرز عمل کی نشاندہی کرنا ہے۔

ان کی اس مہم کی وجہ سے فیس بک  کو اپنی سائٹ پر  جنسی تشدد کے تحت مذاق والے صفحات کو حذف کرنا پڑا تھا۔

کھیلوں کی دنیا میں ابھی حال میں تندولکر پر جتنا مواد ڈالا گیا اور لوگوں نے جس طرح ان کے الوداع پر بحث کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا وہ بے نظیر ہے۔ تھینک یو تندولکر کے ساتھ کیے جانے والے ہر ٹوئیٹ کے ساتھ بی سی سی آئی نے لوگوں کو سچن کے آٹوگراف اور انفرادی پیغامات کے دیجیٹل فوٹو روانہ کیے۔ 

کھیل کی دنیا میں پہلے کھلاڑیوں اور ان کے مداحوں کا رشتہ صرف نظر کا تھا اور ان کھلاڑیوں کی بات عام لوگوں تک نہیں پہنچ پاتی تھی۔ مگر اب کھیل کے پرستار سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے مزید قریب آ گئے ہیں۔

کھیلوں کے میچز آج کے دور میں لوگوں کو ٹوئٹر کے ذریعے بےحد قریب لا رہے ہیں مثلاً اینڈی مرے نے جب ومبلڈن جیتا تو 12 گھنٹے کے اندر اندر ان بارے میں 34 لاکھ ٹویٹ ہوئے۔

آج سوشل میڈیا اور آرٹ ایک دوسرے کے مترادف بنتے جا رہے ہیں۔
جب رائل شیكسپيئر کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ ’رومیو جوليٹ‘ کی نقل ٹوئٹر کے ذریعہ فروغ پیش کر رہی ہے تو ایک مصنف نے اس کے بارے میں ہمدردی ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ شیكسپييئر کی تخلیقات کے نام پر بنا ادارہ اب 140 حروف والے فورم پر اپنا ڈرامہ پیش کر رہی ہے۔

ایک وقت تھا کہ کسی خراب چیز کے بارے میں شکایتی خط بھیجنے کے بعد کئی دن انتظار کرنا پڑتا تھا کہ جواب آئے گا یا کوئی کارروائی ہوگی اور آخر میں یہی لگتا تھا کہ ایسا شاید کچھ نہ ہو۔

لیکن اب حال یہ ہے کہ کہ سوشل میڈیا پر آپ نے کسی پروڈکٹ کی شکایت کا ٹویٹ یا پوسٹ ڈالا  کہ ایسے تمام لوگ آپ کی ہاں میں ہاں ملاتے نظر آ جائیں گے اور آج کاروباری کمپنیاں ایسی شکایات کے ’وائرل‘ ہونے یعنی وسیع پیمانے پر پھیلنے سے ڈرتی ہیں۔

آج کے دور میں کسی کمپنی کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کے لیے ٹوئٹر کے ذریعہ متاثر کیا جا سکتا ہے۔ یہی نہیں مالیاتی بازاروں میں بہت سے لوگ اب کاروبار کے مستقبل پر سوشل میڈیا میں ردعمل دینے لگے ہیں۔

اس تریاق میں مضرات کافی ہیں۔ بے جا وقت کی بربادی کے علاوہ سماعت سے بصارت تک اس کی نذر ہوتی جا رہی ہے۔ ایک بار ایک غلط چیز آپ کی جانب سے نکل گئی پھر اس کی مکمل واپسی تقریبا نامکنات میں شامل ہو جاتی ہے۔ اس کے ذریعہ جہاں لوگ اپنے افکارو خیالات کا اظہار کرنےپر قادر ہیں وہیں دوسروں کی برائی پھیلانے، فحاشی، عریانی نفرت انگیز چیزوں کو پھیلانے اور اشتعال پیدا کرنے کا سبب بنے ہیں۔ کون محبوب ہے اس پردۂ زنگاری میں۔